کے پی حکومت کا آئی جی اسلام آباد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ

80
difficult financial situation

پشاور  : خیبرپختونخوا حکومت نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنوں پر مبینہ تشدد کے خلاف اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) علی ناصر رضوی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔

کابینہ اجلاس میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران طاقت کے بے جا استعمال، آنسو گیس کے استعمال اور کارکنوں پر تشدد پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔ مزید برآں، کابینہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خلاف رٹ پٹیشن دائر کرنے کی منظوری بھی دی۔

صوبائی وزیر اطلاعات بریسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے پشاور پریس کلب میں صحافیوں کو بتایا کہ کے پی ہاؤس پر حملے، گاڑیوں اور فرنیچر کی توڑ پھوڑ، سرکاری اہلکاروں کو ہراساں کرنے اور ایم پی ایز کے اہل خانہ پر تشدد کے واقعات کے باعث آئی جی اسلام آباد کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

بریسٹر سیف کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت انصاف کے حصول کے لیے قانونی راستے پر گامزن ہے۔ انہوں نے ماضی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لاہور میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی کو روکنے کی کوشش اور لندن میں ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کے مقدمے جیسے معاملات میں بھی پاکستان میں قانونی کارروائیاں کی گئی ہیں۔