لاہور: الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے نوجوانوں کو جدید آئی ٹی ٹریننگ اور ہنر فراہم کرنے کےعزم کے تحت ساڑھے 3 ارب روپے کی لاگت سے پاکستان بھر میں “بنو قابل پروگرام” کا آغاز کر دیا گیا، پروگرام کا مقصد ملک بھر سے طلبا کو آئی ٹی سمیت مختلف کورسزکروانا،ملک سے بیروزگاری کے خاتمہ اورنوجوانوں کوپاورفل بناناہے۔
لاہورکے مقامی ہوٹل میں منعقدہ میگا ایونٹ کے مہمانان خصوصی امیرجماعت اسلامی پاکستان انجینئرحافظ نعیم الرحمن، مرکزی صدرالخدمت فاؤنڈیشن پروفیسرڈاکٹرحفیظ الرحمن نے خطاب کیا۔ سیکرٹری جنرل و چیئرمین ایجوکیشن پروگرام الخدمت فاؤنڈیشن سیدوقاص جعفری، چیئرمین بنوقابل پروگرام نویدعلی بیگ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر بنوقابل پروگرام سلمان شیخ،ڈائریکٹر کوآرڈینیشن بنو قابل پروگرام محمد عمیرادریس، سینئر منیجرمیڈیاریلیشنز شعیب ہاشمی،صنان اکبر،سینئر صحافیوںسمیت مختلف یونیورسٹیز اور کالجز کے پروفیسرز، طلبہ وطالبات سمیت مختلف شعبوں سے منسلک نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
حافظ نعیم الرحمن نےخطاب کرتےہوئے کہاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر غریب گھرانوں کے لیے تعلیم کا حصول مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے ہم دوسال میں 10لاکھ نوجوانوں کوآئی ٹی سمیت دیگرکورسزکروانے کے بعد انہیں روزگارمیں معاونت فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک وقوم کا سرمایہ ہیں ہم انھیں مواقع فراہم کریں گے۔ گزشتہ سال کے دوران بنو قابل پروگرام کے ذریعے 50ہزارسے زائد طلبہ و طالبات کومفت کورسز کروا چکے ہیں،ملک کے دیگر شہروں میں بھی جدید ٹریننگ سنٹرز بنائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ نوجوان تعلیم حاصل کریں اور آئی ٹی کورسز کرنے کے بعد دوسروں کو بھی سکھائیں،جتنی محنت ہمارے نوجوان ملک سے باہرجا کر کرتے ہیں اس کی آدھی محنت بھی پاکستان میں کریں تو انفرادی و ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہوگی۔
امیر جماعت کا کہنا تھا کہ بھارت کی آئی ٹی ایکسپورٹ پاکستان سے 50 گنا زیادہ ہے، نوجوانوں کو مفت تعلیم دینے کے لیے ہرممکن اقدامات کریں گے، طلبہ و طالبات دن رات محنت کر کے بہترین مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
صدرالخدمت ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہا کہ نوجوان ملک وقوم کااثاثہ ہیں اس قومی اثاثے کو ضائع ہونے سے بچانے اور قوم کی ترقی کے لیے ہمیں جماعتی،مذہبی اورمسلکی تفریق سے بالاترہوکراقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت بنوقابل پروگرام الخدمت کا نہیں بلکہ پاکستانی نوجونوں کا پروگرام ہے، الخدمت کی جانب سے پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت اور آزاد کشمیر میں 200 سے زائد ٹریننگ سینٹرز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جہاں لاکھوں طلبا آئی ٹی ٹریننگ حاصل کر سکیں گے۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے مزید کہا کہ بنو قابل پروگرام کے تحت طلبا کو 28 مختلف کورسز میں تربیت فراہم کی جائے گی، جن میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ویب ڈیولپمنٹ، پروگرامنگ، گرافک ڈیزائننگ، فری لانسنگ، ویڈیوایڈیٹنگ، ڈیجیٹل جرنلزم، ای کامرس سمیت آئی ٹی کے اہم شعبے شامل ہیں۔ یہ کورسز پیشہ ور آئی ٹی ماہرین کی زیرنگرانی کروائے جائیں گے،ان کورسز کو سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈ، پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور دیگر اہم ٹیکنیکل اداروں سے منسلک کیا گیا ہے تاکہ طلبہ وطالبات کوجاری سرٹیفیکیٹس کونیشنل اورانٹرنیشنل سطح پرموثربنایاجاسکے ۔
نوید علی بیگ نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے ویژن رکھا کہ انہیں تعلیم کےمیدان میں آگے بڑھایا جائے، یہی نوجوان آگے بڑھ کر ملک کا نام روشن کریں گے۔مقررین نے کہاکہ خدمت کا جذبہ رکھنے والوں کو دیکھ کرایمان تازہ ہوگیا نوجوان نسل کیلئے مثبت سوچنے اورعملی اقدامات کرنے والے قوم کے محسن ہیں۔