سرکاری ملازمین کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے، ایپکا

69

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ایپکا کوآرڈینیشن کمیٹی برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ سندھ کا اجلاس پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ چیف آفس میں منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں اپیکا صوبائی سیکرٹری جنرل اشرف خان زئی نے پی ایچ ای ڈی کی صوبائی کوآرڈینیشن کمیٹی کے نومنتخب کمیٹی کا اعلان کیا، جس کے تحت چیئرمین نعیم خان زئی (حیدرآباد) سیکرٹری جنرل غلام رسول چنہ (لاڑکانہ) اور سندھ کے مختلف سرکل اور ڈویژن سے دیگر عہدیداران کا انتخاب کیا گیا۔ اس موقع پر اپیکا صوبائی سیکرٹری جنرل اشرف خان زئی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری ملازمین کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے اور ہمارے حکمران چین کی بانسری بجارہے ہیں جو انتہائی شرم کا مقام ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت ملازمین کی فلاح و بہود کے اقدامات کرے، مخصوص طبقہ کو مراعات دینے کا عمل ملازمین میں بے چینی پیدا کررہا ہے اگر ملازمین میں تفریق پیدا کی گئی تو یہ ہمارے اداروں کو تباہ کرنے مترادف ہوگی۔ اس موقع پر نومنتخب چیئرمین ایپکا کوآرڈینشن کمیٹی نعیم خان زئی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اتحاد کامیابی اور تقسیم تباہی کی علامت ہے، اس لیے ہمیں اپنے اتحاد کو مزید مضبوط بنانا ہوگا،ہر ڈویژن کی سطح پر تنظیم سازی کرنی ہوگی اور ایک دوسرے کا بازو بننا ہوگا پھر کامیابی ہمارا مقدر ہوگی۔نومنتخب سینئر وائس چیئرمین مسرور الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین کی حق تلفی کرنے والے با اختیار لوگوں کا محاسبہ ہمیں اپنے اتحاد سے کرنا ہوگا۔