اسلام آباد(اسپورٹس رپورٹر)چوتھے ٹی ٹونٹی بلائنڈکرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کے لئے غیر ملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ 16 نومبر سے شروع ہو گا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے صدر سید سلطان شاہ نے بدھ کوسرکاری خبر رسا ں ادارے کو بتایا کہ ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے افغانستان کی ٹیم 16 نومبر کو پاکستان پہنچے گی جبکہ دیگر غیرملکی ٹیمیں 20 اور 21 نومبر کو پاکستان مرحلہ وار پہنچیں گی۔انہوں نے کہاکہ تمام غیر ملکی ٹیموں کے لئے بھرپور سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ 22 نومبر سے 3 دسمبر تک لاہور اور ملتان میں منعقد کیا جائے گا جس کی افتتاحی تقریب22 نومبرکو لاہور میں ہوگی جس کی مہمان خصوصی وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف ہونگی۔ ایونٹ کے سیمی فائنل مقابلے یکم دسمبر جبکہ فائنل3 دسمبرکو معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر کھیلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ میں 7 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں میزبان پاکستان کے علاوہ افغانستان،بھارت،بنگلا دیش، سری لنکا ، جنوبی افریقا اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہیں۔ایونٹ کی تیاری کے لئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ میر پور آزاد کشمیر میں جاری ہے۔