کلائمٹ ایکشن میں نجی شعبے کے کردار پر ڈائیلاگ کا انعقاد

91

کراچی(کامرس روپرٹر)پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اہم چیلنجز کا سامنا کررہا ہے۔ اسی سلسلے میں اوورسیز انوسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (OICCI)نے گرین فنانسنگ اور موسمیاتی چیلنجزسے نمٹنے اور نجی شعبے کے اہم کردار کو اجاگر کرنے کیلئے 27ویں سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ کانفرنس میں ایک اعلیٰ سطح کے ڈائیلاگ کا اہتمام کیا ۔ اسلام آباد میں منعقدہ پریCOP29 پالیسی ڈائیلاگ میں پاکستان کے موسمیاتی اہداف کو آگے بڑھانے میںکارپوریٹ سرمایہ کاری کاکردارادا کرنے کیلئے نجی شعبے، حکومت اور بین الاقوامی تنظیموں کے رہنمائوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اوآئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر اور نیسلے پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیسن ایونسینانے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کلائمیٹ ایکشن میں نجی شعبے کے کردارپر روشنی ڈالتے ہوئے کاروباری اداروں سے اسٹریٹجک ردِّعمل کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے جسے ہم نظرانداز نہیں کرسکتے ۔ انہوںنے کہاکہ ہم COP29کی تیاری کررہے ہیں اور اس کانفرنس میں نجی شعبے کو اہم کردار ادا کرناہے ۔ او آئی سی سی آئی پاکستان کو درپیش موسمیاتی چیلنجزسے نمٹنے کیلئے ضروری سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجیزکو متحرک کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔ ہمارا مقصد گرین فنانسنگ اور پائیداری کو بنیادی توجہ بناکر 152بلین ڈالر کے ایڈاپٹیشن فنانسنگ کے فرق کو پُر کرناہے۔ دنیا کے سب سے زیادہ موسمیاتی خطرات سے دو چارممالک میں سے ایک پاکستان ہے جس کو سیلاب، گرمی اور دیگر سنگین صورتحال کا سامنا ہے جس سے فوڈ سیکیوریٹی، صحت اور معاشی استحکام کو خطرات لاحق ہیں۔تقریب میں کلائمٹ ایکشن کے حوالے سے او آئی سی سی آئی کی اہم شراکت پر زور دیا گیاجس میںCOP28میں اس کے کردار اور پائیدار طریقوں کو فروغ دینے کیلئے اس کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔