لاہور(کامرس ڈیسک) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد نے پاکستان میں صنعتی استعمال کے درآمدی چالیس کیمیکلز کے لیے فلیش پوائنٹ معیار میں حالیہ ریگولیٹری تبدیلیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیرپٹرولیم مصدق مسعود ملک کے نام خط میں لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ وزیر پٹرولیم کو اس سنگین مسئلے پر فوری طور پرا سٹیک ہولڈرز کے ساتھ میٹنگ کرنی چاہیے کیونکہ اس کی وجہ سے فارماسیوٹیکلز، پرنٹنگ اور دیگر صنعتوں بری طرح متاثر ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر اٹھائے گئے اس قدم سے ہزارو ںصنعتوں کی بقاء کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں جو ان کیمیکلز پر انحصار کرتی ہیں۔فیصلہ فوری طور پر نافذ کردیا گیا ہے جبکہ ڈی پی ایل لائسنس کی درخواست پراسیس ہونے میں دو سال بھی لگ سکتے ہیں۔ اتنے طویل عرصہ تک صنعتیں ضروری کیمیکلز کے بغیر بقا برقرار نہیں رکھ سکتیں۔انہوں نے کہا کہ اس قدم سے صرف انڈسٹری ہی نہیں بلکہ صارفین بھی متاثر ہونگے۔ مزید برآں جن کے پاس ان کیمیکلز کا سٹاک پڑا ہے وہ منہ مانگے دام وصول کررہے ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے مطالبہ کیا کہ چالیس کیمیکلز کے لیے فلیش پوائنٹ معیار میں ریگولیٹری تبدیلیاں فوری واپس لی جائیں اور وزیر پٹرولیم فوری طور پرا سٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلائیں۔