شکارپور: غیر رجسٹرڈ افراد کو مفت شناختی کارڈ اور پیدائشی سرٹیفکیٹ جاری

72
شکارپور: ڈپٹی کمشنر الطاف احمد چاچڑ غیر رجسٹرڈ مرد و خواتین کے شناختی کارڈ کی تیاری کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

شکارپور (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر الطاف احمد چاچڑ کی زیر صدارت 18 سال سے زائد عمر کے غیر رجسٹرڈ مرد و خواتین کے شناختی کارڈ کی تیاری کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں نادرا، الیکشن کمشنر، سندھ پولیس، لوکل گورنمنٹ، سوشل ویلفیئر، ادارہ شماریات، ضلعی این جی اوز اور اسسٹنٹ کمشنرز، مختار کاروں اور ضلع کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شکارپور الطاف احمد چاچڑ نے اجتماع کو بتایا کہ انہوں نے ضلع تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع میں کام کرنے والے اپنے اسٹاف اور این جی اوز کے تعاون سے تمام مرد و خواتین تک حکومت کا پیغام پہنچائیں، جس نے اب تک اپنا شناختی کارڈ یا اپنے بچوں کا بی فارم تیار نہیں کروایا ہے، ان سب کو چاہیے کہ آج ہی اپنے تعلقہ کے قریب نادرا آفس جائیں اور آپ کو اور اپنے بچوں کی رجسٹریشن کروائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آئندہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچنے کے لیے نادرا اور حکومت سندھ غیر رجسٹرڈ افراد کے لیے مفت شناختی کارڈ اور 5 سال تک کے بچوں کے لیے مفت پیدائشی سرٹیفکیٹ جاری کریں گے تاکہ لوگ حکومت سندھ کی جانب سے فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سمیت تمام ضلعی افسران نے رجسٹریشن آگاہی مہم میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔