میر پور خاص، ترقی یافتہ شہروں میں شمار کرنے کیلیے ماسٹر پلان کی منصوبہ بندی

69

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) حکومت سندھ کی جانب سے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر شہروں کو ترقی یافتہ شہروں میں شمار کرنے کے لیے سٹی ماسٹر پلان کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جس میں میرپورخاص ڈویژن کے ہیڈ کوارٹر شہروں میرپورخاص، عمرکوٹ اور تھرپارکر بھی ترقی یافتہ شہروں کی صف میں شامل ہیں، مطلوبہ ضروریات کی نشاندہی کر کے جلد رپورٹ کمشنر آفس میں جمع کروائی جائے تاکہ ماسٹر پلان کے تحت کام کا آغاز کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار ڈویژنل کمشنر فیصل احمد عقیلی نے ضلع کونسل چیئرمین میر انور علی خان تالپور اور میئر عبدالروف غوری کے ہمراہ کمشنر کمیٹی ہال میں سٹی ماسٹر پلان پر عملدرآمد کروانے سے متعلق تشکیل کردہ کمیٹی کے ممبران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ماسٹر پلان کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر اور مئیر کی سربراہی میں سب کمیٹیاں تشکیل دی جائیں، ماسٹر پلان میں ہاؤسنگ، سوشل سروسز، صحت، تعلیم، بنیادی ضروریات، واٹر سپلائی، سیوریج ڈرینیج، سالڈ ویسٹ، ٹرانسپورٹیشن اور کاروباری مراکز شامل ہوں گے اور کہا کہ 20 سالہ مدت کے تحت 2037 تک کی منصوبہ بندی کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ ماسٹر پلان بنایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ضلع کونسل چیئرمین میر انور علی خان تالپور نے کہا کہ ماسٹر پلان کے تحت میرپورخاص شہر کو ترقی یافتہ شہروں سے جوڑنے کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ میرپورخاص شہر ہمارا اپنا شہر ہے اور کوشش ہے زیادہ سے زیادہ عوام کو فائدہ پہنچایا جائے۔ اس موقع پر میئر عبدالرئوف غوری نے کہا کہ اس ماسٹر پلان میں ضلع میرپورخاص کے 3 تحصیل میرپورخاص، حسین بخش مری اور شجاع آباد کی 2 ٹاؤن کمیٹیوں کی 22 یونین کونسل شامل ہوں گی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود خان، رئیس عارف خان بھرگڑی، ایڈیشنل کمشنر ون ڈاکٹر علی نواز بھوت، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امجد، اسسٹنٹ کمشنرز، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، تعلیم، صحت، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔