میرپورخاص: میرواہ گورچانی بنیادی سہولیات سے محروم

34

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) میرواہ گورچانی شہر دورِ جدید میں بھی انگنت بنیادی سہولیات سے محروم ہے، کروڑوں روپے کا بجٹ رکھنے والی ٹاؤن کمیٹی میرواہ گورچانی شہریوں کو آج تک پینے کا پانی فراہم نہ کر سکی، بلدیاتی انتخابات میں عوام سے بلند و بانگ دعوے کیے جاتے ہیں لیکن انتخابات میں کامیابی کے بعد عوامی مسائل سے آنکھیں بند کر لیتے ہیں، دورِ جدید میں میں بھی چند روزہ شاخ کی بندش کے بعد شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، مساجد میں وضو کے لیے پانی دستیاب نہیں، شہری مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ عام لوگ زیر زمین زہریلا و مضر صحت پانی پینے پر مجبور ہیں۔ ذرائع کے مطابق ٹاؤن کمیٹی میرواہ گورچانی کے ایک چہیتے کونسلر نے پوری ٹاؤن کمیٹی کو یرغمال بنایا ہوا ہے جس کے ایماء پر فائر بریگیڈ کی گاڑی میں صرف من پسند لوگوں کو پانی فراہم کیا جا رہا ہے، عام شہری دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب حلقہ کے منتخب رکن قومی و صوبائی اسمبلی بھی عوام کے بنیادی مسائل سے بالکل لا تعلق ہیں، انہوں نے بھی انتخابات میں کامیابی کے بعد عوام کی داد رسی نہیں کی- میرواہ گورچانی کے شہریوں نے پیپلز پارٹی کی مرکزی ،صوبائی و ضلعی قیادت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔