گوادر: کالجوں کے طلباو طالبات کے درمیان مختلف مقابلے

10

گوادر (نمائندہ جسارت) بدعنوانی کے عالمی دن کی مناسبت سے گورنمنٹ سید ظہور شاہ ہاشمی ڈگری کالج میں ڈائریکٹریٹ آف کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن بلوچستان اور نیشنل اکاؤنٹیبلیٹی بیورو کے تعاون سے ضلع بھر کے کالجوں کے طلباو طالبات کے درمیان اُردو و انگریزی تقریری مقابلہ، شارٹ فلم میکنگ مقابلہ اور آرٹس و کلیگری مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنمنٹ سید ظہور شاہ ہاشمی ڈگری کالج، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج، گورنمنٹ ڈگری کالج پسنی، گورنمنٹ انٹر کالج پیشکان اور گورنمنٹ انٹر کالج جیونی کے طلبا و طالبات نے حصہ لیا۔ پروگرام کی صدارت گورنمنٹ سید ظہور شاہ ہاشمی ڈگری کالج کے پرنسپل نصیر احمد نیکی جبکہ مہمان خاص گورنمنٹ انٹر کالج جیونی کے پرنسپل پروفیسر عبداللہ بلوچ تھے۔ پروگرام کے شارٹ فلم میکنگ مقابلے ججز خیرجان آرٹ اکیڈمی کے سربراہ خیرجان خیرل اور فلم میکر طارق فیض، انگریزی تقریری مقابلے کے جج نیو ٹاؤن گرامر ہائر اسکول کے پرنسپل عبدالکریم، اُردو تقریری مقابلے کے جج ڈاکٹر رابیعہ اسلم اور آرٹس اینڈ کلیگری مقابلے کے جج نامور آرٹسٹ شاہینہ رشید تھے۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہر مقابلے میں ہار جیت ہوتی ہے، ہار جانا ہی جیت کی پہلی سیڑھی ہوتی ہے، اسٹیج پر آکر پرفارمنس دینا ہی طالب علموں کی جیت ہے۔