کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں 8 بیٹیوں کے باپ کو اس کے سابق داماد نے گھر کے باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق مومن آباد تھانے کے علاقے میٹروول ضیا کالونی سوات چوک کے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا گیا۔ مقتول کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں اس کی شناخت 60 سالہ محمد پرویزخان ولد شاہجہاں کے نام سے کی گئی۔ مقتول پرویز 8 بیٹیوں کا باپ اور نجی گارمنٹس فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا۔ ایس ایچ او مومن آباد نے بتایاکہ مقتول پرویز کو اس کے سابق داماد صاحب زادہ نے گھر کے سامنے فائرنگ کرکے قتل کیا ہے۔ فائرنگ کے واقعہ کے بعد ملزم صاحب زادہ موقع سے فرارہو گیا۔ ملزم نے مقتول کی بیٹی کو 2سال قبل طلاق دے دی تھی جس کے بعد مقتول نے اپنی بیٹی کی کہیں اورشادی کردی تھی جب کہ ملزم کا کہنا تھا کہ اس نے طلاق نہیں دی تھی۔ کچھ عرصے سے مقتول اور ملزم کے درمیان لڑائی جھگڑا چل رہا تھا۔