لاہور میں فضائی آ لود گی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے

81
لاہور: سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اسموگ کے حوالے سے پریس کانفرنس کررہی ہیں
لاہور: سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اسموگ کے حوالے سے پریس کانفرنس کررہی ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اسموگ کے تدارک کیلئے کورونا طرز کے اقدامات کرنا ہو ں گے، اسکولز کو آن لائن کیا ہے چھٹی نہیں دی، 50فیصد اسٹاف گھروں سے کام کرے گا، شہری ماسک کا استعمال لازمی کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں سموگ کے تدارک کے لیے کام کررہے ہیں، لاہور کا ائر کوالٹی انڈکس 1100 سے تجاوز کر چکا ہے ،ائرکوالٹی انڈکس500 تک رہا جو بہت خطرناک ہے۔انہوں نے کہا کہ ملتان کا ائرکوالٹی انڈکس بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، بھارت کے شہروں راجستھان، جے پور اور بیکانیر کی طرف سے ہوا آنے کی وجہ سے ملتان میں اسموگ بڑھی ہے ،گزشتہ4 روز سے بھارتی ہوا کا رخ پاکستان کی طرف ہے جس سے پاکستان میں اسموگ کی خطرناک صوررتحال10دن تک جاری رہے گی ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پرائیوٹ اور پبلک آفسز کو 50فیصد گھروں سے کام کرنا ہوگا جبکہ سرکاری دفاتر میں میٹنگز صرف آن لائن ہوں گی۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اسموگ پر قابو پانے کے لیے موثر مہم چلانے میں تعاون کرنے پر میڈیا کا شکریہ بھی ادا کیا۔