اسلام آباد(آن لائن/اے پی پی )الیکشن کمیشن نے سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے والی سیاسی جماعتوں کو ایک اور مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 21نومبر تک ملتوی کردی،48سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو مالی گوشوارے جمع نہ کرانے پر طلب کیا گیا تھا ۔بدھ کو نثار درانی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن کے پاس رجسٹرڈ 48سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی گوشوارے جمع نہ کرانے کے حوالے سے جاری نوٹسز کی سماعت کی سماعت کے موقع پر استحکام پاکستان پارٹی ، پی ٹی آئی نظریاتی ، ایم ڈبیلو ایم اور بلوچستان عوامی پارٹی سمیت دیگر کئی جماعتیں الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئیں،جبکہ سنی اتحاد کونسل پختونخوا ملی عوامی پارٹی، گرین ڈیموکریٹک پاکستان، پاک ڈیفنس موومنٹ، بی این پی مینگل ,عام آدمی تحریک پاکستان سمیت کئی سیاسی جماعتیں پیش ہوئیں۔ دوران سماعت سیاسی جماعتوں نے سالانہ گوشوارے جمع کروانے کے لیے مزید مہلت دینے کی استدعا کی جس پر الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو سالانہ گوشوارے جمع کروانے کی استدعا منظور کر تے ہوئے کیس کی سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی۔ادھرخبررساں ادارے اے پی پی کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی ممبران کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال2023-24جمع کرانے کی حتمی تاریخ31 دسمبر 2024ہے،الیکشن ایکٹ2017کی دفعہ 137 کے تحت تمام اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال 2023-24 مجوزہ فارم بی کی صورت میں مقررہ تاریخ سے پہلے یا 31دسمبر2024تک الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروا دیں۔