جسٹس محمد علی مظہرکی سربراہی میں سروس بینچ میں جائیں گے‘چیف جسٹس

37

اسلام آباد(صباح نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے کہا ہے کہ ہم نے جسٹس محمد علی مظہرکی سربراہی میں سروس بینچ بنادیا ہے ، سروس سے متعلق معاملات اس بینچ میں جائیں گے۔ اگرعدالت عظمیٰ میں کیس پڑاہوتوہماری بھی ذمے داری ہے کہ فریقین کونوٹس بھیجیں تاہم فریقین کی بھی ذمے داری ہے کہ وہ پتا کریں کہ کیس کاکیا بنا جبکہ جسٹس شاہد بلال حسن نے کہا ہے کہ کوئی شخص جو کسی بھی کیس میں عدالت کی معاونت کرسکتا ہے وہ کیس کے کسی بھی مرحلے میں عدالت آسکتا ہے اور اسے عدالت ضروری فریق ہی تصورکرے گی تاہم کیس کافیصلہ قانون کے مطابق ہی کیا جائے گا۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 2رکنی بینچ نے فائنل اورسپلیمنٹری کازلسٹ میں شامل41 کیسزکی سماعت کی۔ بینچ نے مہیم خان اوردیگر کی جانب سے خلیل اللہ اوردیگر کے خلاف زمین کے قبضہ کے معاملہ پر دائر درخواست پر سماعت کی۔ وکیل نے پیش ہوکربتایا کہ اس میں پرانے وکیل اوردرخواست گزاردونوںکاانتقال ہوگیا ہے مجھے نیا وکیل کیا گیا ہے مجھے وکالت نامہ جمع کرانے اور درخواست گزار کے لواحقین کو کیس میں فریق بنانے کے لیے وقت دیا جائے۔ عدالت نے وکیل کووقت دیتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی۔ بینچ نے ڈپٹی کمشنر لوئردیر اوردیگر کی جانب سے عبدالرحیم کے لواحقین کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔