میونسپل ٹیکس وصولی قابض میئر بتائیں کراچی کے اربوں روپے کا ٹیکس کہاں جاتا ہے، منعم ظفر خان

64

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کے الیکٹرک کے بلوں کے ذریعے کراچی کے عوام سے میونسپل ٹیکس کی وصولی کے حوالے سے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی جانب سے بیان پر اپنے ردِ عمل میں کہا ہے کہ کے الیکٹرک کے ذریعے زبردستی میونسپل ٹیکس وصول کرنے والے قابض میئر پہلے یہ بتائیں کہ کراچی جو پہلے ہی صوبے اور وفاق کو اربوں روپے کا ٹیکس دے رہا ہے وہ رقم کہاں جاتی ہے ؟ شہر بھر سے وصول کی جانے والی چارجڈ پارکنگ اور بل بورڈز سے حاصل ہونے والی آمدنی کہاں خرچ ہوتی ہے ؟ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ذریعے بھی عوام سے ٹیکس وصول کرنے کے باوجود شہریوں کو ان کے گھروں کے نلکوں میں پانی کیوں نہیں ملتااور نکاسی آب کے ناقص انتظامات کے باعث شہر بھر میں جگہ جگہ گٹر اُبلتے رہتے ہیں اور گندا پانی جمع رہتا ہے، قابض میئر شہر میں گٹر کے ڈھکن تک پورے نہیں لگا سکے ، کراچی کے عوام سے پہلے ہی طرح کے طرح کے ٹیکس وصول کیے جارہے ہیں اور حال ہی میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے کچرا ٹیکس وصول کرنے کا عندیہ بھی دیا جا چکا ہے ، کیا کراچی کے عوام صرف ٹیکس دینے کے لیے ہیں ؟ ان کے مسائل اور مشکلات کو ن حل کرے گا ؟ سندھ حکومت اور کے ایم سی کے سالانہ ترقیاتی بجٹ کے اربوں روپے اگر نا اہلی و کرپشن کی نذر کرنے کے بجائے کراچی پر خرچ کیے جاتے تو آج کراچی کا انفرا اسٹرکچر تباہ حال نہ ہوتا ، اربوں روپے کے پروجیکٹس میں وزرا اور افسران کی تو چاندی ہو جاتی ہے لیکن شہر کی ابتر حالت بہتر نہیں ہوتی ۔ وزیر اعلیٰ سندھ بھی اعتراف کرتے ہیں کہ کراچی پورے ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے اور وہ اس کا کریڈٹ بھی لینا چاہتے ہیں لیکن کراچی کے ساڑھے 3 کروڑ عوام کے مسائل حل نہیں کرتے جبکہ کراچی صوبہ سندھ کے بجٹ کا بھی 90فیصد سے زاید حصہ دیتا ہے ۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی کی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے اور اس کی تمام تر ذمے داری پیپلز پارٹی کے 16سالہ بدترین دور ِ حکمرانی پر عاید ہوتی ہے ۔ جماعت اسلامی مسلسل اہل کراچی کے مسائل کے حل اور عوام کے جائز اور قانونی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے اورکراچی کے عوام کی مؤثر و توانا آواز بن چکی ہے ، جماعت اسلامی اپنی جدو جہد ، حقوق کراچی تحریک اور حکمرانوں کا تعاقب جاری رکھے گی ، عوام کے حقوق حاصل کرے گی اور مسائل کے حل کرائے گی ۔