کراچی کے سوا باتی ملک کیلئے بجلی 1.28روپے سستی ،بجلی مزید مہنگی کرنے کیلئے تقسیم کار کمپنیوں کی نیپرا میں درخواست

60

اسلام آباد (اے پی پی/صباح نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی کے سوا باقی ملک کے لیے بجلی کی قیمت ایک روپے 28 پیسے فی یونٹ سستی کردی‘بجلی کی قیمت میں تنزلی ستمبر کی ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی‘صارفین کو ریلیف نومبرکے بلوں میں ملے گا۔ بدھ کو نیپرا سے جاری اعلامیہ کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے جی) نے ایف سی اے کی مد میں71 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست جمع کرائی تھی۔ اس کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن، پری پیڈ صارف اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر ہوگا جبکہ اعلامیہ کے مطابق اس کا اطلاق کے ۔الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہو گا۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین سے8 ارب71 کروڑ روپے کی وصولی کے لیے نیپرا میں درخواست دائر کر دی۔ درخواست رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی گئی۔ پہلی سہہ ماہی کے لیے کیپسٹی چارجز کی مد میں8 ارب 6 کروڑ، ڈسکوز کی آپریشنز اور مینٹیننس کی مد میں1 ارب25 کروڑ روپے جبکہ سسٹم چارجز اور مارکیٹ آپریشنز فیس کی مد میں1ارب65 کروڑ روپے کی درخواست کی گئی۔ نیپرا دستاویزات کے مطابق بجلی ترسیلی و تقسیمی نقصانات کی مد میں سوا2 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔اس حوالے سے درخواست کی سماعت20 نومبر کو ہو گی اور منظوری کی صورت میں اطلاق کے الیکٹرک پر بھی ہو گا۔