بینک اکاؤنٹس چٹ کر جانے والا ‘زہریلا پانڈا’ آگیا

75

دنیا بھر میں اینڈرائیڈ کے لاکھوں صارفین کو اپنے سیل فون اور بینک اکاؤنٹس کے حوالے سے شدید الجھنوں کا سامنا رہتا ہے۔ دنیا بھر کے ہیکرز بینک اکاؤنٹس پر حملے کرتے رہتے ہیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں اُن کے اکاؤنٹس سے غیر قانونی ٹرانزیکشنز ہوتے ہیں اور پھر معاملات کی درستی کے لیے لوگوں کو اچھے خاصے جھنجھٹ کا سامنا رہتا ہے۔

ایک نئے میلویئر (وائرس) نے دنیا بھر میں لوگوں کو پریشان کرنا شروع کردیا ہے۔ اس نئے ٹروجن یا وائرس کو ToxicPanda یا زہریلا پانڈا کا نام دیا گیا ہے۔ یہ پانڈا واقعی زہریلا ہے یعنی کسی بھی سسٹم میں داخل ہوکر اُسے اس حد تک آلودہ کرسکتا ہے کہ پھر وہ دی ہوئی ہدایات کے مطابق کام کرنے لگتا ہے۔

زہریلا پانڈا کے ہاتھوں اب تک لاطینی امریکا اور یورپ میں ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد کو مالیاتی معاملات میں دھوکا دہی اور غبن کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ یہ وائرس سسٹم میں داخل ہوکر اُسے ہدایات دیتا ہے اور یوں لوگ اپنی رقوم سے محروم ہوتے جاتے ہیں۔

حساس مالیاتی معلومات تک رسائی کے ذریعے زہریلا پانڈا بینک اکاؤنٹس کے ساتھ ساتھ اینڈرائیڈ ایپ کو بھی نشانے پر لیتا ہے جس کے نتیجے میں سسٹم ناکامی سے دوچار ہو جاتے ہیں اور صارفین کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ماہرین نے دنیا بھر کے اینڈرائیڈ صارفین اور آن لائن بینک اکاؤنٹس آپریٹ کرنے والوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی تھرڈ پارٹی سائٹ سے سائیڈ لوڈنگ کے بجائے آفیشل سائٹس سے ایپس ڈاؤن کرنے کو ترجیح دیں اور متعلقہ سوفٹ ویئر کمپنیوں کی طرف سے جاری کردہ سیکیورٹی اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں۔