پنجاب میں فضائی آلودگی کے باعث تمام اسکول بند رکھنے کا فیصلہ

125

لاہور: فضائی آلودگی کے بڑھتے ہوئے بحران پر قابو پانے کے لیے پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام اسکول 17 نومبر تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی زیرِ صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، اور ملتان میں ہائی اسکول بھی اس دوران بند رہیں گے۔

پنجاب کی وزیر اطلاعات، مریم اورنگزیب نے اعلان کیا کہ سرکاری و نجی دفاتر میں 50 فیصد عملہ گھر سے کام کرے گا، جبکہ تمام سرکاری میٹنگز آن لائن ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران طلبہ کے لیے آن لائن کلاسز کا انتظام کیا جائے گا تاکہ تعلیم کا سلسلہ برقرار رہے۔

پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے بتایا کہ فصلوں کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والا دھواں اور موسم کی تبدیلی کے باعث اسموگ میں شدید اضافہ ہو رہا ہے۔ آج لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 1ہزار سے تجاوز کر گیا ہے، جسے ماہرین نے انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ماسک کا استعمال لازمی کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کی صحت کو محفوظ بنایا جا سکے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ فضائی آلودگی کی نگرانی اور فوری اقدامات کے لیے محکمہ ماحولیات میں ایک “اسموگ وار روم” قائم کر دیا گیا ہے، جو فضائی معیار کا جائزہ لے گا اور مؤثر حکمت عملی ترتیب دے گا۔