مقبوضہ کشمیر اسمبلی نے آرٹیکل 370 بحال کرنے کا بل منظور کرلیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بل منظور کرنے کا مقصد مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت کو بحال کرنا ہے، جسے بھارتی حکومت نے اگست 2019ء میں منسوخ کردیا تھا۔
حکمراں جماعت نیشنل کانفرنس (این سی) کی جانب سے مقبوضہ وادی کی خصوسی حیثیت کو بحال کرنے کا بل اسمبلی میں پیش کیا گیا۔ اس کی تجویز نائب وزیراعلیٰ سریندر سنگھ چودھری کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔
اسمبلی میں پیش کیے گئے بل میں وفاقی حکومت سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی دفعات کو بحال کرنے پر زور دیا تھا جنہیں یکطرفہ طور پر بھارتی حکومت نے 5 اگست 2019 کو ایک متنازع اقدام کے دوران منسوخ کر دیا تھا۔
بل پر اسمبلی کے فلور پر ایک گرما گرم بحث ہوئی، جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اراکین نے مخالفت کی، تاہم نیشنل کانفرنس پارٹی کے اکثریت میں ہونے کی وجہ سے بل بھی رائے سے منظور ہوگیا۔
بی جے پی کے ارکان نے اسمبلی سے واک آؤٹ کیا۔ ارکان اسمبلی کی اکثریت نے بل کی حمایت کی۔