اسرائیلی وزیراعظم نے وزیردفاع کو ملازمت سے فارغ کردیا

137

مقبوضہ بیت المقدس:اسرائیلی وزیراعظم نے وزیر دفاع کو ملازمت سے فارغ کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق صہیونی ریاست کے وزیراعظم  بنیامین نیتن یاہو نے وزیردفاع یواف گیلانٹ کو عہدے سے برطرف کردیا، جس کے بعد ان کی جگہ اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز وزارت دفاع کو سنبھالیں گے۔

اسرائیل کے مقامی میڈیا میں رپورٹ کیا گیا ہے کہ  وزیراعظم کے دفتر سے جاری خط  میں برطرف کیے گئے وزیر دفاع یواف گیلانٹ کو مخاطب کرتے ہوئے حکم دیا گیا ہے کہ وہ اس خط کے وصول ہونے کے بعد 48 گھنٹے میں اپنے عہدے سے برطرف ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ صہیونی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے ایک وڈیو بیان میں کہا ہے کہ جنگ کے آغاز کے موقع پر وزیر دفاع اور ہمارے درمیان اعتماد کی فضا تھی، تاہم کچھ ماہ سے وہ اعتماد باقی نہیں رہا ہے۔

برطرف کیے گئے اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلانٹ نے ایک روز قبل ہی ہزاروں قدامت پسند یہود کو اسرائیلی فوج میں بھرتی کرنے کی منظوری دی تھی۔ اسرائیلی اپوزیشن پارٹیوں کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو اپنے سیاسی فائدے کی خاطر اسرائیل کی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔