روم:آپ کو یہ جان کر حیران ہوگی کہ مستقبل میں تازہ ہوا بھی تحفے کے طور پر پیش کی جائے گی۔
کیا کسی نے ایسا سوچا ہے کہ کسی خاص جگہ پر گئے ہوئے سیاح واپسی پر اپنے پیاروں کے لیے وہاں پر محفوظ کی گئی تازہ ہوا لے کر آئیں اور بطور تحفہ پیش کریں۔ عام طور پر مختلف سیاحتی مقامات پر جانے والے لوگ مارکیٹ سے وہاں کی روایتی اشیا یا خوبصورت تصاویر بنا کر لاتے ہیں۔
حال ہی میں اٹلی کی ایک کمپنی نے وہاں کی ایک خوبصورت اور قدرتی نظاروں کی حامل جھیل ’’کومو‘‘ کی تازہ اور قدرتی ہوا کو باقاعدہ ایک کین میں محفوظ کرکے فروخت کرنا شروع کردیا ہے اور حیران کن طور پر اس ایک کین کی قیمت 11 ڈالر مقرر کی گئی ہے، جسے سیاح اپنے پیاروں کے لیے بطور تحفہ خرید کر لے جا سکتے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہاں اس قدرتی جھیل کے پاس سے 400 ملی لیٹر کی مقدار میں 100 فی صد تصدیق شدہ تازہ قدرتی ہوا کو کین میں محفوظ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اٹلی میں کومو جھیل ایک ایسی سیاحتی جگہ ہے جو کئی سال سے اپنی قدرتی خوبصورتی اور دلکش نظاروں کی وجہ سے نہ صرف سیاحوں بلکہ دنیا کی مشہور اور اہم شخصیات کی رہائش گاہوں کے باعث بھی شہرت کی حامل ہے۔