واشنگٹن:امریکی الیکشن میں ٹرمپ کی کامیابی کے ساتھ ہی بٹ کوائن تاریخ کی بلند ترین قیمت پر پہنچ چکا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق امریکا میں صدارتی انتخابات کے نتائج میں ڈونلڈ ٹرمپ کے کامیاب ہونے کے بعد دنیا کی مہنگی ترین کرپٹو کرنسی نے اب 75 ہزار ڈالر کی سطح کو بھی عبور کرکے رواں برس مارچ میں اپنا بنایا ہوا ریکارڈ ہی توڑ دیا۔
امریکا کے انتخابات کے نتائج جیسے ہی میڈیا پر آنا شروع ہوئے اس کے چند ہی گھنٹے کے بعد کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قیمت میں 10 فی صد سے بھی زیادہ اضافہ ریکارڈ پر آ گیا۔ واضح رہے کہ ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی انتخابی مہم کے دوران خود کو کرپٹو امیدوار کے طور پر پیش کرتے ہوئے وعدہ کیا تھا کہ وہ انتخاب جیتنے کے بعد قانون سازی کے ذریعے یو ایس بٹ کوائن ریزرو بنائیں گے۔