بدقسمتی سے ہمارے ادارے سیاست کی نذر ہورہے ہیں

22

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی و سابق ایم پی اے عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ سے 27ویں ترمیم کے حوالے سے پاس کرائے جانے والے بل کے بعد ملک میں مزید صورتحال بہتر ہوگی ۔ ملک پہلے ہی عدم استحکام کا شکار ہے اس سے پاکستان میں استحکام پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ بے یقینی کی فضا دور ہوگی۔ جبکہ دوسری طرف اعلیٰ عدالتوں میں مزید ججوں کی تعیناتی سے زیر التوا سیکڑوں مقدمات میں غریب عوام کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ہمارے ادارے سیاست کی نظر ہورہے ہیں جس کے اثرات پورے ملک پر پڑ رہے ہیں اور ملک میں ہر آنے والے دن کے ساتھ غیریقینی کی فضاء پیدا ہورہی ہے جو اچھی علامت نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان عالم اسلام میں واحد ایٹمی طاقت رکھنے والا ملک ہے جسے ملک دشمن قوتیں برداشت کرنے کو تیار نہیں ہیں لیکن حکومت کی حالیہ پالیسیوں کے بعد عوام کا اعتماد بحال ہورہا ہے جبکہ دوسری طرف ملکی معیشت کو بھی استحکام مل رہا ہے جس سے عام آدمی کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے پاکستان پر ایسے حکمران مسلط ہیں جو اپنی ذات سے آگے نہیں دیکھ پاتے ، اب وقت آگیا ہے کہ صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچانے کیلئے اسی طرح کے غیر معمولی اقدامات کئے جائیں۔