تفتان (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی فورسز نے شورش زدہ جنوب مشرق صوبے سیستان بلوچستان میں کارروائی کرتے ہوئے 8 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی فوج نے گزشتہ ماہ ایک پولیس اسٹیشن پر مہلک حملے کے بعد یہ کارروائی کی ہے۔ سرکاری ارنا نیوز ایجنسی نے پاسداران انقلاب کے کمانڈر احمد شفاہی کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ صوبے میں آپریشن کے دوران ’کل 8 دہشت گرد مارے گئے‘۔مزید بتایا کہ تفتان حملے میں ملوث اہم دہشت گرد سمیت 14 کو گرفتار بھی کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا۔پیر کو رات گئے ارنا نے فوجی کمانڈر محمد پاکپور کے حوالے سے بتایا کہ جن عسکریت پسندوں نے 26 اکتوبر کو حملہ کیا، وہ ’ایرانی نہیں تھے تاہم ان کی قومیتوں کی وضاحت نہیں کی۔سیستان بلوچستان افغانستان اور پاکستان کے ساتھ سرحد پر واقع ہے اور ایران کے غریب صوبوں میں سے ایک ہے۔