پیر پگارا کی قیادت میں دریائے سندھ کو بچائیں گے، سردار عبدالرحیم

63

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکرٹری جنرل اور جی ڈی اے کے سیکرٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ دریائے سندھ سندھ کی زندگی اور خوشحالی کی شہ رگ ہے جس پر صدر آصف زرداری اور وفاقی حکومت ارسا قوانین میں غیر آئینی ترامیم کرکے قبضہ کرنا چاہتی ہے اور 6 غیر قانونی کینال نکالنا چاہتی ہے جسے کسی بھی صورت میں سندھ کے عوام قبول نہیں کریں گے، سندھ اب جاگ چکا ہے پیر صاحب پگاڑا کی قیادت میں دریائے سندھ کو بچانے کیلیے میدان عمل میں ہیں 17 نومبر کو سندھ بھر میں تحصیل کی سطح پر ہونے والا احتجاج تاریخی ہوگا۔ فنکشنل لیگ کراچی شہر سمیت سندھ کے تمام اضلاع اور تعلقہ کے عہدیداران کو ہدایت کی ہے کہ 17 نومبر کو دریائے سندھ بچاؤ تحریک کی جانب سے اعلان کردہ احتجاج کے سلسلے میں اپنی تیاریاں شروع کردیں، احتجاج کو کامیاب بنانے کیلیے فنکشنل لیگ کے ضلعی اور تحصیل کے ذمہ دار اور کارکنان گھر گھر جاکر عوام کو دریائے سندھ کو بچانے کے لیے آگاہی دیں اور انہیں 17 نومبر کو ہونے والے احتجاج میں بھرپور شرکت کرنے کی دعوت دیں۔