ایشین پارلیمنٹری اسمبلی کا اسرائیلی جارحیت کیخلاف کردارناگزیرہے‘ سینیٹر عرفان صدیقی

61

دوحہ (صباح نیوز) سینیٹ میں ن لیگی پارلیمانی لیڈر اور سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ایشین پارلیمانی اسمبلی کو اس سلسلے میں موثر کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ پائیدار امن کے بغیر ایشیامیں ترقی وخوش حالی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ غزہ میں معصوم شہریوں کے قتلِ عام اور اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں نے خطے کے امن کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ اسرائیل کو اس قتلِ عام کا ذمے دار ٹھہرانے اور اقوام متحدہ اور اسلامی کانفرنس جیسے اداروں کے ذریعے اس خونزیزی کو روکے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے دوحہ (قطر)میں ایشین پارلیمنٹری اسمبلی کے بجٹ اور پلاننگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے لبنان اورایران پر، اسرائیلی جارحانہ حملوں اور اشتعال انگیز کارروائیوں کی بھی شدید مذمت کی۔سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ گزشتہ 10سال سے اس مسئلے کو حل نہیں کیاجاسکا۔ وقت آ گیا ہے کہ اس پر سنجیدگی سے غور کیاجائے اور اس نوع کی دوسری تنظیموں کی طرح اسے موثر اور متحرک بنانے کے لیے اس کے مالی معاملات حل کیے جائیں۔ عرفان صدیقی نے زور دیا کہ ایشین پارلیمنٹری اسمبلی کے ارکان کو باہمی تعاون کا دائرہ بڑھانے کے امکانات تلاش کرنے چاہییں۔ ایشین پارلیمنٹری اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پاکستان، قطر، فلسطین، سعودی عرب، ایران، عراق، یونان، چین، بحرین، آذربائیجان، ازبکستان سمیت متعدد دیگر ممالک شریک ہیں۔ یہ اجلاس 2دن جاری رہے گا۔