اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے قومی قیمت مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں ملک بھر میں قیمتوں کے استحکام اور طلب و رسد کے توازن کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری منصوبہ بندی کامران رحمان، اقتصادی مشیر ڈاکٹر امتیاز احمد سمیت متعلقہ ذمے داران کی شرکت ۔اجلاس میں حالیہ مہنگائی کے اعداد و شمار اور غذائی اشیا کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا جو پاکستان بیورو آف شماریات (پی بی ایس)کی جانب سے فراہم کردہ کنزیومر پرائس انڈیکس کی بنیاد پر ہیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے ڈیٹا پر مبنی حکمت عملیوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مہنگائی کی وجوہات کی جامع رپورٹنگ پر توجہ دی تاکہ مخصوص اقدامات کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جا سکے۔اجلاس کوبتایاگیاکہ اکتوبر 2024 میں غیر خراب ہونے والی غذائی اشیا کی قیمتوں میں سالانہ بنیاد پر 1.46 فیصد کمی دیکھی گئی جبکہ شہری اور دیہی علاقوں میں غذائی مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ علاوہ ازیں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی سے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں بھی کمی دیکھی گئی۔ احسن اقبال نے ہدایت کی کہ رمضان اور عید جیسے اہم مواقع کے دوران طلب اور اسٹاک کی دستیابی کا تجزیہ بروقت کیا جائے تاکہ قیمتوں میں اچانک اضافے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مقامی مارکیٹ کمیٹیوں کو ہدایت دی کہ وہ طلب و رسد کی نگرانی میں فعال کردار ادا کریں اور ہر ڈپٹی کمشنر کو ضلعی سطح پر اسٹاک کی نگرانی کی ذمے داری سونپی۔