جاپانی تعاون سے ملکی مینو فیکچرنگ کو فروغ دیا جائے،عبدالرحمن

91

کراچی( کامرس رپورٹر) جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ سے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران عبدالرحمن ،نعمت اللہ درانی اورعزیزاللہ پر مشتمل وفد نے کوئٹہ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تجارتی، معاشی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ خدمت خلق کے مشن پر گامزن عزیزاللہ ، عبدالرحمن اور نعمت اللہ درانی کوئٹہ سمیت بلوچستان کی عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے سمیت دیگر عوامی فلاحی منصوبو ں پر کام کر رہے ہیں ۔ کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران عزیزاللہ ، عبدالرحمن اور نعمت اللہ درانی نے جاپانی قونصلیٹ کے ڈائریکٹر اسرار احمد عدیل کے ہمراہ روایتی جاپانی گڑیا ’’حنا ماتسوری‘‘ کی نمائش بھی دیکھی۔کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران عزیزاللہ ، عبدالرحمن اور نعمت اللہ درانی کا کہنا تھا کہ دنیا کی تیسری بڑی معیشت جاپان پاکستان کیلئے معاشی،تجارتی اور سفارتی سطح پر انتہائی اہمیت کا حامل ملک ہے، پاکستان اور جاپان کے در میان تجارتی روابط کی مزید بہتری کیلئے کئی امکانات موجود ہیں، پاکستان اور جاپان کے درمیان کل دو طرفہ تجارت 1.20 ارب ڈالر کے قریب ہے، پاکستان کی جاپان کو برآمدات بنیادی طور پر ٹیکسٹائل پر مشتمل ہیں وہ تقریباً 185 ملین ڈالر ہیںجبکہ جاپان سے درآمدات،جن میں موٹر گاڑیاں، لوہے اور اسٹیل کی مصنوعات اور جراحی کے آلات شامل ہیں، کا حجم تقریبا1 ارب ڈالر ہے، جاپان کی وسیع درآمدات اور برآمدات کے اعداد و شمار کو مدنظر رکھتے ہوئے دو طرفہ تجارت کو کم از کم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کی کافی گنجائش ہے۔