کراچی( بزنس رپورٹر) پاکستان فیبرک نٹ ویئر ایسوسی ایشن کے نو منتخب چیئرمین محمد پرویز مہدی ، صدر امجد فاروق امجد اور سیکرٹری جنرل محمد عتیق سمیت دیگر عہدیداروں نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری میں اسپننگ، نٹنگ، ویونگ اور پروسیسنگ کے شعبوں کا مینو فیکچرنگ میں بڑا حصہ ہے لیکن یہ شعبے مسائل کا شکار ہیں اگر حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر کے مسائل حل کردے تو پاکستان کی برآمدات کو با آسانی دو ارب ڈالر تک لے جایا جا سکتا تھا۔پاکستان فیبرک نٹ ویئر ایسوسی ایشن کے نو منتخب چیئرمین محمد پرویز مہدی نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث ٹیکسٹائل سیکٹر بحران کا شکار ہے ، ایس آر او 350 کے نفاذ سے ٹیکسٹائل فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے ملک میں بے روزگاری کی شرح بھی بڑھ رہی ہے،ٹیکسٹائل سیکٹر کے برآمدی مینوفیکچرنگ کیلئے زیرو ریٹنگ بحالی کی جائے ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے اور بینکوں کے مارک اپ میں کمی نہ ہونے کی وجہ سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بقا خطرے میں ہے۔ پاکستان فیبرک نٹ ویئر ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر امجد فاروق امجد نے کہا کہ ڈالر کے ریٹ میں اضافے،سیاسی عدم استحکام، بجلی اور گیس کی بڑھتی قیمتوں، ابترملکی معاشی صورت حال اور ریفنڈز کی عدم ادائیگی جیسے عناصر نے مل کر ٹیکسٹائل ایکسپورٹ کو شدید متاثر کیا ہے اگر حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کردے تو پاکستانی برآمدات کو با آسانی دو ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں۔