میر پور خاص، مضر صحت تیل بنانے والی فیکٹری پر چھاپا، سیل

103
میرپورخاص، اسسٹنٹ کمشنر زینب حفیظ مضر صحت تیل بنانے والی فیکٹری پرچھاپے کے دوران جائزہ لے رہی ہیں

میرپورخاص(نمائندہ جسارت)اسسٹنٹ کمشنر زینب حفیظ نے جانوروں اور مرغیوں کی چربی سے مضر صحت آئل تیار کر کے فروخت کرنے والی فیکٹریوں پر چھاپا مار کر سیل کر دیا، شوگر مل کے قریب واقع فیکٹری مالکان کے پاس مضر صحت آئل فروخت کرنے کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں تھا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر مسعود رشید خان کی ہدایت پر تعلقہ حسین بخش مری کی اسسٹنٹ کمشنر زینب حفیظ نے سندھ فورڈ اتھارٹی کی ٹیم کے ہمراہ شوگر مل کے قریب تپہ ویسرو میں جانوروں اور مرغیوں کی چربی سے مضر صحت آئل تیار کر کے فروخت کرنے والی دو فیکٹریوں پر چھاپا مار کر انہیں عارضی طور پر سیل کر دیا ۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے زینب حفیظ نے کہا کہ یہ آئل انسانی جانوں کیلیے انتہائی نقصان دہ ہے اور ان فیکٹری مالکان کے پاس کوئی ریکارڈ بھی موجود نہیں ہے کہ یہ مضر صحت کس کو فروخت کیا جا رہا ہے اس کی تحقیقات کی جائے گی کہ یہ مضر صحت آئل جن کو فروخت کیا جا رہا ہے ان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔