کندھکوٹ(نمائندہ جسارت) کندھکوٹ ضلع بھر میں پکے کی پولیس کچے کے ڈاکوؤں کو قابو پانے میں ناکام ہو گئی بے۔ بے لگام ڈاکوؤں کو لگام ڈالنے میں پولیس بے بس دن بدن اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں اضافہ ہونے لگا۔ ڈاکوؤں کیخلاف جاری پولیس آپریشن بھی کسی کام نہ آیا جرائم پیشہ عناصر کیخلاف آپریشن زور وشور سے جاری لیکن نتیجہ صفر ہے۔ تحصیل کشمور کے مختلف مقامات سے بے قابو ڈاکوؤں نے گزشتہ دو روز کے دوران 6 افراد کو اسلحے کے زور پر اغوا کر لیا ہے۔ مغویوں میں کیرتنی وکرم کمار، آصف دشتی، غلام حسین دشتی، محمد پناہ کھوسو، احمدالدین سومرو، جھانزیب سومرو شامل ہیں جن کی بازیابی کیلئے پولیس نے تاحال کوئی کارروائی تک نہیں کی۔ جس کی وجہ سے مغویوں کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ضلع بھر سے اغوا ہونے والے مغویوں کی تعداد 9 سے زائد ہو گئی ہے مغویوں کے اہل خانہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ڈاکوؤں کیخلاف فوجی آپریشن کر کے تمام مغویوں کو بازیاب کروایا جائے۔