کراچی( اسٹاف رپورٹر )میمن گوٹھ پولیس نے پولیس کی جعلی نمبر پلیٹ لگا کر اور پولیس کیپ پہن کر وارداتیں کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق میمن گوٹھ پولیس نے دوران گشت دملوٹی روڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز کی واردتوں میں ملوث 3 مسلح ملزمان فیاض، بلال، اور شہباز کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو 30بور پستول ، ریولور برائونڈز، 125 موٹرسائیکل اور پولیس کیپ برآمد کرلی گئی۔ گرفتارمسلح ملزمان پولیس کی فیک نمبر پلیٹ اور کیپ لگا کر علاقے میں اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی وارداتیں کرتے تھے۔ایس ایس پی ملیر کاشف عباسی کے مطابق گرفتارملزمان میمن گوٹھ سمیت مختلف تھانوں کی حدود میں ہونے والی اسٹریٹ کرائمز کی متعدد واداتوں میں بھی ملوث ہیں۔گرفتارملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والی 125 موٹرسائیکل کا ریکارڈ AVLC احکام سے چیک کیا جارہا ہے۔گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب شاہ لطیف ٹاون پولیس نے اپنے ہی مالک سے بھتہ طلب کرنے والے ملازم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم تاجر سے ایک کروڑ روپے بھتہ وصول کرکے اس کے کاروبار پر قبضہ کرنا چاہتا تھا۔