کراچی(اسٹاف رپورٹر ) سندھ فوڈ اتھارٹی (ایس ایف اے) نے صوبے کے تعلیمی اداروں بشمول اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کی کینٹینوں میں خوراک کی معیار کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع معائنہ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ کو صحت بخش اور محفوظ خوراک فراہم کرنا ہے، تاکہ ان کی صحت اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنایا جا سکے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل مزمل حسین ہالیپوٹو نے تمام فوڈ سیفٹی افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کریں اور معائنہ کے دوران ایس ایف اے کی ٹیمیں خوراک کی حفاظت کے سخت معیار کو یقینی بنانے کے لیے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیں۔ ان معائنوں کا مقصد طلبہ کو فراہم کیے جانے والے خوراک کے معیار میں بہتری لانا ہے۔ اس مہم کے تحت سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے آئی بی سکھر ، انڈس لا کالیج حیدرآباد، حیدرآباد اور ٹھٹھہ کے متعدد تعلیمی اداروں کی کینٹینوں کا معائنہ کیا۔معائنہ کے دوران فوڈ سیفٹی افسران کینٹین کے ماحول کی صفائی اور حفظان صحت کے معیار کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں، جس میں کچن، فوڈ پریپریشن ایریاز، اسٹوریج اور سرونگ اسٹیشنز شامل ہیں۔ ایس ایف اے اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ کینٹین میں فراہم کی جانے والی خوراک تازگی اور معیار کو جانچا جائے۔