کائونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ میں جدید فیوژن سینٹر کا افتتاح کردیاگیا

95

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ میں انسداد دہشت گردی کوششوں کو موثر بنانے کی جانب اہم قدم۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ پولیس کے کانٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ میں جدید ترین فیوژن سینٹر کا افتتاح کردیا۔ فیوژن سینٹر نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن ( این آر ٹی سی) نے قائم کیا ہے اورجدید ٹیکنالوجی اور انفرا اسٹرکچر سے لیس ہے جس سے سی ٹی ڈی کی انسداد دہشتگردی صلاحیتیں مزید بہتر ہوں گی۔ وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ فیوڑن سینٹر کی آپریشنل اور ترقیاتی ضروریات کیلیے 24-2023 کے بجٹ میں 72 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ سینٹر کو تمام اسٹیک ہولڈرز کے آن لائن اور آف لائن ڈیٹا کے مرکز کے طور پر بنایا گیا ہے تاکہ وسیع تجزیے، شراکت داری اور فیصلہ سازی میں آسانی ہو۔ سینٹر کے ذریعے سی ٹی ٹی ڈی معلومات کے تبادلے کو بہتر بنائے گی اور دہشتگردی کے مقدمات کی سائنسی بنیادوں پر تحقیق اور دیگر سرکاری امور انجام دینے کے قابل ہوگی۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت صوبائی پولیس کو جدید آلات سے لیس کرنے کیلیے پرعزم ہے۔ حکومت نے سندھ پولیس کو جدید تربیت، ٹرانسپورٹ کی فراہمی، بجٹ میں اضافے اور ضروری آلات کی فراہمی کے ذریعے مضبوط کیا ہے۔ اب یہ پولیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ صوبے کے عوام کی جان و مال اور شہری آزادیوں کی حفاظت کرے۔ مراد علی شاہ نے دہشتگردی کے خطرے کا بھی ذکر کیا اور پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہا۔