امریکی صدارتی انتخاب،پہلے نتیجے میں کملا ہیرس اور ڈونلڈٹرمپ کے ووٹ برابر

169

واشنگٹن/ نئی دہلی (خبرایجنسیاں +مانیٹرنگ ڈیسک ) امریکا میں صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ڈیمو کریٹک صدارتی امیدوار کاملا ہیرس کا مقابلہ ری پبلکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ سے ہے۔ پولنگ سے قبل ہی 8 کروڑ سے زاید ووٹرز ارلی ووٹنگ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کر چکے ہیں۔ایک قصبے میں گزشتہ 60 کی دہائی سے رات گئے ووٹنگ کا عمل شروع ہوجاتا ہے جس کا نتیجہ بھی سامنے آگیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیو ہیمپشائر کے چھوٹے سے قصبے میں ڈکسوائل نوچ میں ووٹرز کی تعداد صرف 6 ہے جن میں سے 3 ووٹ کملا ہیرس جب کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی اتنے ہی ووٹ ملے ہیں۔گزشتہ صدارتی الیکشن 2020 ء میں یہاں سے جوبائیڈن کو تمام 5 ووٹ ملے تھے لیکن اس بار ووٹر کی تعداد 6 ہوگئی اور ٹرمپ نے اس حلقے میں مقابلہ تین تین سے برابر کردیا۔ڈکسوائل نوچ کے اس نتیجے نے ملکی منظر نامہ پیش کردیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس کے درمیان ملک بھر میں ایسا ہی کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔امریکی صدر بننے کے لیے کسی بھی امیدوار کو 538 الیکٹورل ووٹ میں سے کم از کم 270 ووٹ حاصل کرنا ہوں گے۔ پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کا رش دیکھا جارہا ہے۔ ڈیموکریٹک امیدوار برائے نائب صدر ٹم والز نے کہا ہے کہ الیکشن میں بہت سخت مقابلہ ہے۔ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ٹم والز کا کہنا تھا کہ ہیرس سے زیادہ کوئی صدر بننے کی اہلیت نہیں رکھتا۔والز نے کہا کہ نتائج آنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے اس لیے سب کو مطمئن اور پرسکون رہنا چاہیے۔ری پبلکن اْمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے پام بیچ فلوریڈا میں اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا کہ ری پبلکنز اپنی پوری قوت کے ساتھ باہر نکلے ہیں۔ٹرمپ کے بقول یہ میری تیسری انتخابی مہم ہے جو سب سے بہترین رہی ہے تاہم انتخابی نتائج آنے میں تاخیر ہو سکتی ہے جو مایوس کن ہے۔علاوہ ازیں ٹرمپ نے مسلم ووٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ ٹرمپ کو ووٹ دیں اور امن واپس لائیں۔ٹرمپ نے ریاست مشی گن کے مسلم ووٹرز کو کہا کہ عرب اور مسلمان امن چاہتے ہیں، کملا ہیرس اور ان کی جنگجو کابینہ مشرق وسطیٰ پرحملہ کردیں گے۔ٹرمپ نے کہا کہ کملا ہیرس اور ان کی جنگجو کابینہ لاکھوں مسلمانوں کو قتل کردیں گے۔ٹرمپ نے اپنے بیان میں یہ بھی لکھا کہ کملا ہیرس اور ان کی جنگجو کابینہ تیسری عالمی جنگ شروع کردیں گے۔علاوہ ازیںامریکی ریاست جارجیا کی فلٹن کاؤنٹی کے بعض پولنگ اسٹیشنز پر بم کی افواہیں سامنے آئی ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق بم کی افواہوں پر بعض پولنگ اسٹیشنز کو عارضی طور پر خالی کرایا گیا۔مقامی میڈیا کے مطابق امریکی حکام کو 5 پولنگ اسٹیشنز پر بم کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ایک گاؤں میں مقامی افراد امریکی صدارتی امیدوار کملا ہیرس کی جیت کے لیے دعائیں کررہے ہیں۔بھارتی ریاست تامل ناڈو کے دارالحکومت چنئی سے تقریباً 300 کلومیٹر دور واقع تلاسین دھراپرم گاؤں میں امریکی نائب صدر اور ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس کا ننھیال ہے۔کملا ہیرس کی والدہ بھارتی نژاد ہیں اور وہ بھارت کی ریاست تامل ناڈو کے شہر چنئی میں پیدا ہوئی تھیں جب کہ ان کے والد کا تعلق جمیکا سے تھا جہاں سے پھر وہ امریکا منتقل ہوئے تھے۔تلاسین دھراپرم گاؤں کے لوگ امریکی صدارتی الیکشن میں بھارتی نڑاد کملا ہیرس کو کامیاب ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں اور ان کی کامیابی کے لیے گاؤں میں موجود مندر میں دعائیں بھی مانگی جارہی ہیں۔