پی ٹی آئی کا بھی 26 ویں آئینی ترمیم کیخلاف عدالت عظمیٰ سے رجوع

51

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے بھی 26 ویں آئینی ترمیم کیخلاف عدالت عظمیٰ سے رجوع کرلیا۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر نے 26 ویں آئینی ترمیم کیخلاف اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی، درخواست گزاروں میں ایڈووکیٹ منیر احمد بھی شامل ہیں۔ عدالت عظمیٰ میں دائر درخواست میں وفاق، چاروں صوبوں، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، صدر مملکت اور وزیر اعظم کو فریق بنایا گیا ہے، عدالت عظمیٰ نے آئینی درخواست کو ڈائری نمبر الاٹ کردیا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 26 ویں ترمیم آئین کے بنیادی ڈھانچے سے متصادم ہے، عدلیہ کی آزادی کو سلب کرنے کا اختیار پارلیمان کے پاس بھی نہیں، عدالت عظمیٰ قرار دے چکی ہے کہ بنیادی حقوق کو ختم یا کم نہیں کیا جا سکتا۔ درخواست گزاروں نے استدعا کی ہے کہ عدلیہ کی آزادی سے متصادم ترمیم کالعدم قرار دی جائے، 26 ویں آئینی ترمیم کے نتیجے میں تشکیل نو پانے والے جوڈیشل کمیشن کو اجلاس منعقد کرنے سے روکا جائے۔