واشنگٹن:امریکی خفیہ ادارے ایف بی آئی نے کہا ہے کہ صدارتی الیکشن کے دوران روس کی جانب سے ووٹرز کو تشدد پر اکسایا جا سکتا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی خفیہ ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آی) اور سائبر سیکورٹی اینڈ انفرا اسٹرکچر سیکورٹی ایجنسی (سی آئی ایس اے) کی جانب سے الرٹ کیا گیا ہے کہ روس امریکی صدارتی الیکشن کے لیے خطرے کا سبب بن سکتا ہے اور وہ شہریوں کو تشدد پر اکسا سکتا ہے۔
خفیہ اداروں کی جانب سے جاری کیے گئے انتباہ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی صدارتی الیکشن کے دوران روس امریکی شہریوں کا اعتماد متاثر کرکے ان میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کر سکتا ہے۔
خفیہ اداروں نے اپنے مشترکہ الرٹ میں بتایا ہے کہ امریکی صدارتی الیکشن اور اس کے نتائج میں ایسی ریاستیں جو فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہیں، وہاں کے شہریوں کو مشتعل کرنے کے لیے جعلی وڈیوز اور آن لائن مواد کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ایف بی آئی اور سی آئی ایس اے کے بیان کے مطابق اس طرح کا مواد ووٹرز کو ایک دوسرے کے خلاف تشدد پر اکسا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ انتخابی عمل کے دوران سائبر حملوں کے بھی خدشات موجود ہیں۔