کمپالا: شمال مغرب میں پالابیک مہاجر کیمپ میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کے دوران ایک عارضی چرچ پر آسمانی بجلی گرنے سے 13 بچوں سمیت 14 افراد ہلاک اور 34 زخمی ہوگئے، شدید طوفان آنے پر 50 کے قریب لوگوں نے چرچ میں پناہ لی تھی، جن میں سے 14افراد بجلی گرنے سے ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمال مغرب میں پالابیک مہاجر کیمپ میں 80 ہزار سے زائد پناہ گزین موجود ہیں، بجلی گرتے ہی مہاجر کیمپوں میں خوف وہراس پیدا ہوگیا، لوگ حواس باختہ ہوکر ادھر ادھر بھاگنے لگے، جس کی وجہ سے بھی کچھ افراد معمولی زخمی ہوئے، بجلی گرنے سے ہلاک ہونے والوں میں پانچ لڑکیاں اور نو لڑکے شامل ہیں جن کی عمریں 14 سے 18 سال کے درمیان بتائی گئیں ہیں۔
یوگنڈا پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں 13 بچے شامل ہیں جبکہ ایک نوجوان کی عمر 21 سال تھی، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیموں کو روانہ کردیا گیا تھا، جنہوں نے مرنے والے لوگوں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔
حکومتی ترجمان کا کہنا تھا کہ متاثرین کو دیگر این جی اوز کی مدد سے سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، آخری رسومات ادا کرنے کے لیے لاشوں کو ان کے ورثا کے حوالے کردی گئیں ہیں.