مسلمانوں کیخلاف زہر اگلنے والے ٹرمپ کو ووٹ کیلیے مسلمانوں کی یاد آگئی

118

واشنگٹن: اپنے دور حکومت، سیاسی جلسوں اور انتخابی مہم کے دوران مختلف مواقع پر  مسلمانوں کے خلاف کھلے عام زہر اگلے والے ڈونلڈ ٹرمپ کو اس بار الیکشن میں ووٹ حاصل کرنے کے لیے مسلمانوں کی یاد آ گئی۔

اپنے تازہ بیان میں انہوں نے مسلمانوں سے ووٹ مانگتے ہوئے  مخالف امیدوار پر الزام عائد کیا ہے کہ کملا ہیرس اور ان کی کابینہ (جسے انہوں نے جنگجو  کہہ کر مخاطب کیا ہے) مشرق وسطیٰ پر حملہ کردیں گے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکا میں صدارتی الیکشن کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے اور اس دوران دونوں امیدواروں (کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ) کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ  امن کی واپسی  کے لیے ٹرمپ کو ووٹ دیں۔ مشی گن کے مسلم ووٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مسلمان اور عرب  امن کے خواہاں ہیں جب کہ کملا ہیرس اور ان کی جنگجو کابینہ مشرق وسطیٰ پر حملہ کریں گے اور لاکھوں مسلمانوں کو قتل کردیں گے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ کملا ہیرس اور ان کی یہ جنگجو کابینہ تیسری عالمی جنگ کا آغاز کریں گے۔

واضح رہے کہ اپنے سابقہ دور حکومت کے علاوہ مختلف مواقع پر ڈونلڈ ٹرمپ ہمیشہ مسلمانوں سے متعلق زہر اگلتے رہے ہیں۔انہوں نے کئی ممالک سے مسلمانوں کے امریکا آنے پر پابندیوں کے علاوہ فلسطین کے خلاف اسرائیل کی کھلی سرپرستی کرتے ہوئے فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی میں اپنا اہم کردار ادا کیا تھا۔