کراچی:چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کاکہناہے کہ کے ایم سی کے ٹھیکوں میں غیر شفافیت کا کیس بھی آئینی بینچ کو بھیجا جائے گا، جس درخواست میں بھی ہائیکورٹ سے ڈائریکشن مانگی گئی ہے وہ اب آئینی بینچ کی حدود میں ہیں اور ہائیکورٹ کے 90 فیصد کیسز آئینی بینچ منتقل ہوجائیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبے میں آئینی بینچز بنانے سے متعلق سندھ اسمبلی کی قرار داد ہائیکورٹ میں پیش کی گئی ، جس کے بعد چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی عدالت میں متعدد کیسز کی سماعت ملتوی ہوگئی، آئینی بینچ آئین کے مطابق تمام کیسز کو جلد نمٹائے گا۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے صوبائی اسمبلی کی منظور شدہ قرار داد پیش نہ کرنے پر سرکاری وکیل پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج عدالتی کارروائیاں شروع ہونے سے پہلے ساڑھے 8 بجے قرار داد پہنچ جانی چاہیے تھی اور اب ہمیں متعدد کیسز کی سماعت ملتوی کرنا پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ نئی ترمیم کے بعد آئینی بینچز تشکیل دینا جوڈیشل کمیشن کی ذمے داری ہوگی،امید ہے کہ اب 90 فیصد کیسز آئینی بینچ منتقل ہوجائیں ، جس کے بعد بہت سارے کیسز جلد ختم ہوجائیں گے۔