اسلام آباد:ملک میں بجلی انتہائی مہنگی ہونے کے نتیجے میں شہریوں کی جانب سے سولر پینلز لگوانے کے تمام گزشتہ ریکارڈز ٹوٹ گئے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی ایک رپورٹ میں جاری کیے گئے اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ پاکستان میں نیٹ میٹرنگ اور سب سے زیادہ سولر پینلز لگوانے والوں میں لاہور اول نمبر پر ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران لیسکو میں کل 19 ہزار سے زیادہ صارفین نے نیٹ میٹر لگوائے۔
لاہور کے بعد نیٹ میٹرنگ میں اسلام آباد کا نمبر فہرست میں دوسرا ہے۔ آئیسکو کے گزشتہ مالی سال کے دوران تقریباً 15 ہزار صارفین نے نیٹ میٹر لگوائے ہیں جب کہ حیران کن طور پر پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور تجارتی حب کراچی، جو نیٹ میٹرنگ میں تیسرے نمبر پر آیا۔ شہر قائد میں گزشتہ مالی سال میں 4 ہزار 512 نیٹ میٹرز لگائے گئے۔رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں تقریبا 50فیصد اضافہ ہوا ہے، جس سے نئی تعداد اب تک 6300 کے قریب پہنچ گئی ہے۔
ملک بھر میں مجموعی طور پر مالی سال 2023 میں 48 ہزار 689 نیٹ میٹر لگے۔ نیٹ میٹر میں کمرشل کی تعداد ملک بھر میں 4 ہزار 229 ہے جبکہ صنعتی صارفین کی تعداد 2 ہزار 303 ہے۔ نیٹ میٹرز لگوانے والوں میں زیادہ تعداد رہائشی صارفین کی ہے۔
صنعتی علاقوں میں بھی نیٹ میٹرز لگوانے والوں کی تعداد میں دگنا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ کراچی میں بڑی تعداد میں نیٹ میٹرز لگنے سے کچھ علاقوں میں مزید نیٹ میٹرنگ لگنا ممکن نہیں رہا ہے۔ ان علاقوں میں ڈی ایچ اے ،گلشن اقبال ،محمد علی سوسائٹی، پی ای سی ایچ ایس، کلفٹن، کورنگی ،ایف بی ایریا اور نارتھ کراچی شامل ہے۔