فضل الرحمٰن سے پی ٹی آئی وفد کی ملاقات، نئی قانون سازی پر تبادلہ خیال

151

اسلام آباد: پی ٹی آئی وفد نے مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی ہے، جس میں حکومت کی جانب سے قومی اسمبلی و سینیٹ سے منظور کرائے گئے بلز پر بات چیت کی گئی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے وفد میں پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر سمیت 3 افراد شامل تھے۔ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر  ہونے والی ملاقات میں حکومت کی جانب سے حال میں قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظوری کے بعد قانون بنائے گئے بلز کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے بعد اسد قیصر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کیے بغیر واپس چلے گئے تاہم پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے میڈیا سے بات چیت کی اور بتایا کہ نئی قانون سازی کے حوالے سے جے یو آئی اور پی ٹی آئی کا ایک ہی مؤقف ہے۔  دونوں اپوزیشن پارٹیاں اس قانون سازی کو درست نہیں سمجھتیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح سے سپریم کورٹ میں آئینی بینچ بنایا گیا ہے یہ سپریم کورٹ پرحملہ ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے بھی آج ملاقات میں آئینی ترمیم اور آئینی بینچ جیسے اقدامات کو عوام اور عدلیہ پر حملہ قرار دیا ہے۔