غزہ پر اسرائیلی جارحیت روکنے کی ہرتجویز کا خیر مقدم کرتے ہیں، حماس رہنما

106

بیروت:اسلامی تحریک مزاحمت حماس کا کہنا  ہے کہ غزہ میں جاری کشت وخون،  لوگوں کے قتل عام کو روکنے اور اسرائیلی قبضے کے خاتمے کے لیے دی گئی کسی بھی تجویزکا خیر مقدم کرتے ہیں۔

حماس کے سیاسی شعبے کے سینئر رہنما اسامہ حمدان نے کہا کہ جماعت کی پہلی ترجیح غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت بند کرانا ہے، اس کے ساتھ ساتھ قابض فوج کے غزہ سے انخلا، بے گھر فلسطینیوں کی اپنے گھروں کو واپسی، جنگ کے متاثرین کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

اسامہ حمدان نے کہاکہ   محاصرے کو ختم کرنے،قیدیوں کی رہائی کے لیے باوقار معاہدہ کرنے اور غزہ کی تعمیر نو کے حوالے کی مثبت تجاویز کے حوالے سے کسی بھی مثبت تجویز کا مثبت جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حماس دو جولائی کو پیش کردہ جنگ بندی فارمولے اور اقوام متحدہ کی قرارداد 2735 پر عمل درآمد کے لیے تیار ہے، اس وجہ سے عالمی اداروں کا نیتن یاہو پر دباؤ بڑھانا ضروری ہوگیا ہے،اسے معاہدوں میں خلل ڈالنے سے روکنا ہے کیونکہ وہ گذشتہ مہینوں میں ثالثوں کی کوششوں کو ناکام بنانے معاہدے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کا ذمہ دار ہے۔