وزیراعظم سے ایرانی وزیرخارجہ کی ملاقات، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پر تبادلہ خیال

107

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیر خارجہ نے ملاقات کی، جس میں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور دیگر مشترکہ موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان کے 2 روزہ دورے پر آئے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے وزیراعظم ہاؤس میں شہباز شریف سے ملاقات کی، اس موقع وزیراعظم نے ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای اور ایرانی صدر مسعود پیزشکیان  کے  لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافے پر اتفاق کیا گیا۔

علاوہ ازیں شہباز شریف اور عباس عراقچی کے درمیان مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورت حال کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی مسلمانوں کے حق خودارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست کے لیے جاری ان کی جدوجہد کی حمایت کی۔ انہوں نے فلسطین خصوصاً غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کی نسل کشی کی مذمت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کے علاوہ انسانی امداد کی  مسلسل ترسیل اور فلسطینیوں کو ان کا حق دینے پر زور دیا گیا۔ شہباز شریف نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس کارروائی کو ایرانی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے اصولی مؤقف پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ایران کے مؤقف سے آگاہ کیا۔