خطرات ٹل گئے، مطلع صاف،گرج چمک کے امکانات نہیں رہے: وزیردفاع

223
Dangers are over, information is clear

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اکتوبر کیلئے خطرات ٹل گئے،مطلع صاف ہوگیا ،گرج چمک کے امکانات نہیں رہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق خواجہ آصف کاکہنا تھا کہ مشکل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ہمارے ذہن میں سب کچھ تھا ،جب ہم نے ترمیم پاس کرائی تودو تہائی اکثریت سے ایک ووٹ زیادہ تھا۔یہ بات انہوں نے نجی ٹی وی پروگرام میں اظہا رخیال کرتے ہوئے کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ہم نےپہلی بار ترمیم کی کوشش کی تو اس وقت نمبرز پورے نہیں ہوئے،آئینی ترمیم کیلئے مختلف جماعتوں کے پاس متعدد بار جانا پڑا ،جو نشاندہی آپ کے پروگرام میں کی تھی وہ خطرہ ٹل گیا ہے۔پارلیمانی جمہوریت میں ہمیشہ خطرات رہتےہیں جتنے مرضی مضبوط ہو جائیں ،پارلیمانی جمہوریت میں میجورٹی کبھی ضمانت نہیں ہوتی کہ مشکلات کا سامنانہیں ہو گا۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ماحول بہتر ہو گیا ہے ، استحکام اور مثبت فضا آ گئی ہے ،جب میں کہتا تھا اکتوبر میں خطرات ہو سکتے ہیں اس کیلئے پی ٹی آئی کے دعوے اور امید بر نہیں آئی۔ہو سکتا ہے ان تمام باتوں کیلئے ایک کتاب لکھوں ،کب وقت آئے گا جب پارلیمانی جمہوریت کو خطرات لاحق نہیں ہوں گے،پارلیمانی جمہوریت عوام کی خواہشات کا مظہر ہوتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مطلع صاف ہوگیا ہے،اب گرج چمک کے امکانات نہیں رہے،ہمیں اپنی کارکردگی کو مزید بہتر کرنا ہے،ہمیں موقع ملا ہے ابھی بھی دو چار چیزیں کرنی ضروری ہیں ،پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے ہمارا سب سے بڑا کردار ہوتا ہے۔