گوادر ( بیورو رپورٹ ) مرکز اسلامی گوادر میں جماعت اسلامی ضلع گوادر کے نو منتخب امیر کی حلف برداری کی تقریب منتخب ہوئی۔ تقریب حلف برداری کے مہمان خاص جماعت اسلامی کے صوبائی امیر و ایم پی اے گوادر مولاناہدایت الرحمن تھے۔ نومنتخب ضلعی امیر مولانا لیاقت نے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر و ایم پی اے گوادر مولاناہدایت الرحمن، نومنتخب ضلعی امیر مولانا لیاقت،سابق ضلعی امیر ماسٹر عبدالمجید اور سابق ضلعی نائب امیر سعید احمد بلوچ نے کہا کہ بلوچستان ہمارا ہے، ایف سی کو بلوچستان سے نکلنا ہوگا، ایف سی کو بلوچستان سے نکالنے کے لیے تحریک کا آغاز 10 نومبر سے کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے ہوگا۔ ایف سی کا رویہ آج بھی بلوچستان میں وہی ہے جو شروع دنوں میں تھا۔ ایف سی اہلکار چوک و چوراہوں پر ہماری ماں بہنوں کو مغلظات بکتے ہیں۔ ہمارے بزرگوں کی تذلیل کرتے ہیں۔ جب تک ایف سی بلوچستان میں ہے بلوچستان میں امن نہیں ہوگا۔ بلوچستان میں آج بھی مارشل لا ہے، ایف سی کے خلاف بہت جلد پورے بلوچستان میں مشترکہ جدوجہد کا آغاز کیا جائے گا، انکے خلاف ریفرنڈم کیا جائے گا۔ انھوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی بنیاد 26 اگست 1941 کو مولانا ابوالاعلی مودودی نے رکھی اس وقت جماعت اسلامی کے صرف 75 ارکان تھے۔ جماعت اسلامی کے تاریخ میں چھ مرکزی امیر رہ چکے ہیں جن میں ابوالاعلی مودودی، میاں طفیل احمد، قاضی حسین احمد، سید منور حسن، سراج الحق اور حافظ نعیم احمد شامل ہیں جو پاکستان کے مختلف شہروں سے تھے اور یہ ایک دوسرے کے رشتہ دار بھی نہیں تھے۔ اس طرح کی مثال صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے باقی پاکستان کے کسی بھی جماعت کے پاس نہیں ہے۔ پاکستان کے دیگر جماعتوں میں جمہوریت نہیں ہے۔