دشمن پاکستان میں امن نہیں چاہتا،تسلیم راجپوت

20

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ہمارا اعلان پر امن پاکستان کے مرکزی چیئرمین خلیفہ محمد تسلیم راجپوت نے کہا ہے کہ ایک بار پھر خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں سیکورٹی فورسز پر دہشت گرد حملوں میں اضافہ انتہائی تشویش ناک ہے، ملک دشمن عناصر پاکستان میں امن ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے، اس لیے امن وامان کی صورتحال خراب کرکے پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو تقریبا دو دہائیوں تک بدترین دہشت گردی کا سامنا رہا اور بڑی تگ و دو اور قربانیوں کے بعد دہشت گردی کے عفریت پر کافی حد تک قابو پایا لیا گیا تھا لیکن ملک دشمن عناصر اور ان کے پاس میں چھپے ایجنٹ پھر سرگرم ہوگئے ہیں، کبھی بچوں کے اسکولوں پر تو کبھی پولیس اسٹیشن پر حملے کرکے عوام اور سیکورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے درحقیقت صرف پاکستان ہی نہیں انسانیت کے بھی دشمن ہیں اور وہ انسان کہلانے کے لائق بھی نہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھتے ہیں بھائی چارے کی فضاء قائم رکھیں اور ملک دشمن عناصر پر کڑی سے کڑی نگاہ رکھیں اور ان کے عزائم کو خاک میں ملادیں۔