ڈیل نہ کرنے کی وجہ سے عمران خان کی زندگی خطرے میں ہے ،سلیمان اکرم راجا

54

راولپنڈی (آن لائن) تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلیمان اکرم راجا اور سابق چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ 9 اکتوبر کو صوابی جلسہ میں ملک گیر تحریک کا اعلان ہو گا، اب ساری قوم کو اٹھنا، آزادی اور سابق چیئرمین کی زندگی کیلیے باہر آنا ہوگا، ڈیل نہ کرنے کی وجہ سے سابق چیئرمین کی زندگی خطرے میں ہے جس کے لیے انہوں نے واضح پیغام دیا ہے کہ انصاف کے لیے انقلاب لے کر آئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں القادر ٹرسٹ ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا ۔سلیمان اکرم راجا نے کہا کہ یہ وہ لمحہ ہے جب ہم واقعتا اپنی آزادی حاصل کر سکتے ہیں ،اگر ہم اٹھ کر کھڑے نہ ہوئے تو ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین نے قوم سے التجا کی ہے کہ اب نہیں تو کب؟ انہوں نے کہا کہ 9 اکتوبر کو صوابی میں ملک گیر تحریک کا اعلان ہو گا ساری قوم کو اٹھنا، آزادی اور سابق چیئرمین کی زندگی کے لیے باہر آنا ہوگا 9 تاریخ کو ایک نئی ابتداء ہو گی ایک نئی تحریک چلائیں گے جو عمران خان اور ہماری آزادی پر ختم ہو گی جبکہ علیمہ خان نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹر عاصم نے سابق چیئرمین کا معائنہ کیا ،ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ صحت مند ہیں لیکن ان کے جسم سے گوشت کم ہوا ہے ،انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین پر جسمانی تشدد تو نہیں کیا گیا لیکن انہیں ذہنی ٹارچر کیا گیا ہے، ہم نئے چیف جسٹس سے اپیل کرتے ہیں کہ لاقانونیت نہ روکی تو لوگ قانون ہاتھ میں لے لیں گے ،سابق چیئرمین کی زندگی خطرے میں ہے، وہ ڈیل نہیں کررہا، انہوں نے تین چیزیں مانگی ہیں، جمہوریت، رول آف لا پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا ،سابق چیئرمین کو جیل سے نکالنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، لہٰذا ہمیں خود پرامن احتجاج کرنا ہوگا، بھلے ہمیں جیلوں میں ڈالیں ہم آئینی حق ضرور استعمال کریں گے۔