عمران خان کی زندگی خطرے میں ،ڈیل کی باتوں میں صداقت نہیں،علیمہ خان

270

راولپنڈی (آن لائن) تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلیمان اکرم راجہ اور سابق چیئرمین کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ 9 اکتوبر کو صوابی جلسہ میں ملک گیر تحریک کا اعلان ہو گا اب ساری قوم کو اٹھنا، آزادی اور سابق چیئرمین کی زندگی کے لیے باہر آنا ہوگا ڈیل نہ کرنے کی وجہ سے سابق چیئرمین کی زندگی خطرے میں ہے جس کے لیے انہوں نے واضح پیغام دیا ہے کہ انصاف کے لیے انقلاب لے کر آئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں القادر ٹرسٹ ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ سلیمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ وہ لمحہ ہے جب ہم واقعتا اپنی آزادی حاصل کر سکتے ہیں اگر ہم اٹھ کر کھڑے نہ ہوئے تو ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین نے قوم سے التجا کی ہے کہ اب نہیں تو کب؟ انہوں نے کہا کہ 9 اکتوبر کو صوابی میں ملک گیر تحریک کا اعلان ہو گا ساری قوم کو اٹھنا، آزادی اور سابق چیئرمین کی زندگی کے لیے باہر آنا ہوگا 9 تاریخ کو ایک نئی ابتداء ہو گی ایک نئی تحریک چلائیں گے جو عمران خان اور ہماری آزادی پر ختم ہو گی جبکہ علیمہ خان نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹر عاصم نے سابق چیئرمین کا معائنہ کیا ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ صحت مند ہیں لیکن ان کے جسم سے گوشت کم ہوا ہے انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین پر جسمانی تشدد تو نہیں کیا گیا لیکن انہیں ذہنی ٹارچر کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ انتظار پنجوتھا کس حالت میں واپس آئے ہیں جو قانون سے اوپر جاچکے ہیں وہ سمجھتے ہیں جس پر مرضی تشدد کرو انتظار پنجوتھا کا کیا قصور تھا، سب نے اس کی وڈیو دیکھی سابق چیئرمین نے کہا کہ ظل شاہ کو قتل کرکے الزام میرے اوپر لگا دیا یہاں عدالتوں میں تفتیشی افسر کو کہا جاتا ہے کہ جھوٹ بولیں سزا نہیں ملے گی اب ساری حکومت جھوٹ بول رہی ہے۔انہوںنے کہ ہم نئے چیف جسٹس سے اپیل کرتے ہیں کہ لاقانونیت نہ روکی تو لوگ قانون ہاتھ میں لے لیں گے سابق چیئرمین کی زندگی خطرے میں ہے، وہ ڈیل نہیں کررہے، انہوں نے3 چیزیں مانگی ہیں، جمہوریت، رول آف لا پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا سابق چیئرمین کو جیل سے نکالنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے لہٰذا ہمیں خود پرامن احتجاج کرنا ہوگا بھلے ہمیں جیلوں میں ڈالیں ہم آئینی حق ضرور استعمال کریں گے۔