انفرا ضامن پاکستان اور سن رج فوڈز کے درمیان اشتراک

92

کراچی(بزنس رپورٹر) انفرا ضامن نے 2ارب مالیت کے ایگری انفراسٹرکچر سکوک کے اجراء کے لئے سن رج فوڈز لمیٹڈ کے ساتھ اشتراک کا اعلان کیا ہے۔ یہ سکوک اسلامی اصولوں کے مطابق فنانسنگ انسٹرومنٹ ہے جسے یونٹی فوڈز لمیٹڈ کے ذیلی ادارے، سن رج فوڈز لمیٹڈ کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔ انفرا ضامن پاکستان، ٹرپل اے طویل مدتی کریڈٹ ریٹنگ کا حامل ہے اور سکوک میں شریک سرمایہ کاروں کے لئے سیکورٹی کی ایک اضافی سطح فراہم کرتا ہے۔ اس سکوک کے بنیادی سرمائے کو انفراضامن کی گارنٹی کے ساتھ مکمل طور پر تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ سکوک کے ذریعے جمع شدہ سرمائے سے ،سن رج فوڈز کے بیلنسنگ، ماڈرنائزیشن اور ری پلیسمنٹ (بی ایم آر) اقدامات کے لیے فنڈز فراہم کریں گے، جس کا مقصد پائیدار، اور اعلی کارکردگی کی ٹیکنالوجیز کے ساتھ پیداواری مراکز کو جدید بنانا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بی ایم آر میں 1 میگاواٹ ونڈ ٹربائن کی تنصیب اور 0.5 میگاواٹ کا شمسی پلانٹ بھی شامل ہیں، جو سن رج کے قابل تجدید توانائی کے اقدام کے لئے معاون ہوں گے اور زرعی مصنوعات کی اسٹوریج کی صلاحیت میں نمایاں اضافے کے لئے نئے سائلوز اور ویئرہاؤسز تعمیر کئے جاسکیں گے۔